میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز کو مکمل اختیارات اور سہولیات فراہم کی جائیں: صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن

11-19-2026

(ویب ڈیسک) صدرپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پروفیسر شاہد ملک نے کہا ہے تاریخی میڈیکل کالجوں کی بحالی خوش آئند ہے، پرنسپلز کو مکمل انتظامی اختیارات اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے پروفیسر شاہد ملک نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے تاریخی میڈیکل کالجوں کی حیثیت بحال کرنے اور ان میں پرنسپلز تعینات کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے طبی تعلیم کی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ایم بی بی ایس طلبہ کے تعلیمی معاملات کی مؤثر نگرانی اور بروقت حل ممکن ہوگا، پرنسپلز کی تعیناتی سے تدریسی نظم و ضبط بہتر بنانے اور وارڈ کلاسز، لیکچرز اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں سینئر فیکلٹی اور پروفیسرز کی باقاعدہ حاضری یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ پروفیسر شاہد ملک نے زور دیا کہ پرنسپلز کو ضروری انتظامی اختیارات، معاون عملہ، دفاتر اور دیگر تمام مطلوبہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں، بالخصوص ایک مؤثر الیکٹرانک مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے، جس کے ذریعے طلبہ کی حاضری، وارڈ کلاسز، لیکچرز، عملی تربیت اور تدریسی عملے کی شرکت کا باقاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے پر مکمل عمل درآمد اور پرنسپلز کو بااختیار بنانے سے ہی تاریخی میڈیکل کالجوں کی بحالی کے حقیقی ثمرات طلبہ تک پہنچ سکیں گے۔