لاہور ہائیکورٹ، بیوی کے قتل کے مقدمے میں شوہر کی عمر قید کی سزا کالعدم قرار
11-19-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کے قتل کے مقدمے میں شوہر کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم محمد ریاض کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس وحید خان نے ملزم محمد ریاض کی اپیل پر سماعت کی اور گواہوں کے بیانات میں تضاد اور شواہد میں خامیوں کی بنیاد پر اپیل منظور کر لی۔ عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے کے آٹھ گواہ وقوعے سے متعلق درست حقائق بیان کرنے میں ناکام رہے، وقوعے کا مقدمہ بھی آٹھ گھنٹے کی تاخیر سے درج کیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے تھانہ صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ مقدمے کے مطابق ملزم محمد ریاض پر اپنی بیوی ثمینہ بی بی کو قتل کرنے کا الزام تھا، جس پر تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس نے 2023 میں مقدمہ درج کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے شواہد اور گواہوں کے بیانات میں پائے جانے والے تضادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کی عمر قید کی سزا کالعدم قرار دے دی اور اسے مقدمے سے بری کر دیا۔