انسانی سمگلنگ کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 57 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ضبط، 88 ملزمان گرفتار

11-19-2026

(لاہور نیوز) انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کے دوران 27 بڑے گینگز کے خلاف 329 مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ 88 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگز کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھجوا دی۔ رپورٹ کے مطابق مختلف گینگز کے مجموعی طور پر 57 کروڑ 24 لاکھ روپے کے اثاثے ضبط جبکہ 25 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔ کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور کوہاٹ میں کی گئیں۔ سن یارا گینگ کے خلاف 58 مقدمات درج کرکے 18 کروڑ 20 لاکھ روپے کے اثاثے ضبط کیے گئے۔ قیصر گینگ کے 6 کارندوں کو گرفتار کرکے 16 کروڑ 37 لاکھ روپے کے اثاثے ضبط کیے گئے جبکہ خرم راجہ گینگ کے خلاف 26 مقدمات درج اور 4 کروڑ 16 لاکھ روپے کے اثاثے ضبط کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق عمران ٹونی گینگ کے خلاف 13 جبکہ محمد افضل گینگ کے خلاف 63 مقدمات درج کیے گئے۔ عرفان ہاشمی گینگ کے خلاف 22 مقدمات درج کرکے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کے اثاثے ضبط کیے گئے، جبکہ اس گینگ کے 5 کروڑ 20 لاکھ روپے کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد بیرون ملک روزگار اور بہتر مستقبل کے خواب دکھا کر معصوم نوجوانوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرنا ہے۔