شجرکاری آگاہی مہم گرین رائیڈ کا آغاز، 10 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر

11-18-2026

(لاہور نیوز) محکمہ جنگلات پنجاب کے تعاون سے شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے منفرد آگاہی مہم ’’گرین رائیڈ‘‘ شروع کی جا رہی ہے۔

 ڈی جی فاریسٹ کے مطابق مہم کے تحت عالمی شہرت یافتہ موٹرسائیکلسٹ اور سیاح مکرم ترین پنجاب کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے، گرین رائیڈ آگاہی مہم کا مقصد عوام میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو درخت لگانے، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکرم ترین 12 روز کے دوران تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کریں گے، اس مہم کا آغاز لاہور سے ہو گا، جہاں سے موٹرسائیکلسٹ چھانگا مانگا، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، لال سہانرا، بہاولپور، لودھراں، ملتان اور مظفرگڑھ جائیں گے۔ مہم کے اگلے مراحل میں ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، لیہ، میانوالی، تلہ گنگ، چکوال، راولپنڈی، جہلم، کھاریاں، گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کا بھی دورہ کیا جائے گا۔ ڈی جی فاریسٹ کا کہنا تھا کہ گرین رائیڈ کے ذریعے شہریوں، نوجوانوں، طلبہ اور سماجی تنظیموں کو شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر شہری کی قومی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، عوام اپنے گھروں، محلوں، تعلیمی اداروں اور دستیاب خالی مقامات پر پودے لگائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال بھی یقینی بنائیں۔ ڈی جی فاریسٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گرین پنجاب مشن کا حصہ بنیں اور پنجاب کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔