پنڈی ٹیسٹ: پاکستان ٹیم نے سری لنکا کے خلاف 227 رنز کی برتری حاصل کر لی
11-18-2026
(لاہور نیوز) پاکستان ٹیم پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے خلاف 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور 227 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان ٹیم نے آج دوسرے روز کھانے کے وقفے تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بناتے ہوئے 123 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ کھانے کے سیشن کے بعد عامر جمال 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ غازی غوری 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رضا اللہ نے 42 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد عباس نے 2 رنز جوڑے۔ آج دوسرے دن کا آغاز پاکستان نے 3 وکٹ پر 121 رنز سے کیا جب کریز پر اوپننگ بیٹر اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز کے ساتھ موجود تھے۔ اذان اویس نے دن کے آغاز پر ہی کوئی اضافہ کئے بغیر اپنی وکٹ گنوا دی، ان کے بعد سعود شکیل 24 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ نائٹ واچ مین ثاقب خان نے 37 رنز اسکور کئے جبکہ سلمان علی آغا 21 رنز جوڑ سکے۔ کھیل کے پہلے روز طیب عارف 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ محمد طحہٰ اور کپتان بابراعظم 8، 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے تھے۔ کپتان بابرعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستانی فاسٹ بولروں کی تباہ کن بولنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف98 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی بیٹنگ کو تنکوں کی طرح بکھیر دیا تھا جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔