مہنگا آٹا اور روٹی شہریوں کی پہنچ سے دور، گندم 6 ہزار روپے من تک پہنچ گئی

11-18-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں گندم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔

 ذرائع کے مطابق لاہور میں گندم کا فی من ریٹ 2200 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار روپے تک پہنچ گیا، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گندم 6200 روپے فی من فروخت ہونے لگی، جنوبی پنجاب میں بھی گندم کی قیمت 5900 روپے فی من تک جا پہنچی ہے، مہنگی گندم کے باعث آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 6 ہزار روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1140 روپے میں ازخود فروخت کیا جا رہا ہے، لاہور سمیت مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے نایاب ہو گیا ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سادہ روٹی کی سرکاری قیمت 14 روپے کے بجائے بعض مقامات پر 20 سے 25 روپے وصول کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں سرکاری گندم کی قیمت 3800 روپے فی من مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں سرکاری اور نجی گندم کی قیمتوں میں نمایاں فرق موجود ہے، سرکاری گندم کی یومیہ طلب 15 ہزار میٹرک ٹن کے مقابلے میں صرف 3500 میٹرک ٹن ریلیز کی جا رہی ہے، لاہور کو آبادی کے تناسب سے 1500 میٹرک ٹن جبکہ پنجاب کے باقی 40 اضلاع کو مجموعی طور پر صرف 2 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی سپلائی کم ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ اور گراں فروشی جاری ہے، دوسری جانب فوڈ سیفٹی، پیرا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائیوں کے باوجود قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے مؤثر نتائج سامنے نہیں آ رہے۔ دوسری جانب ڈی جی فوڈ پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے بھر میں گندم کی سپلائی 3500 میٹرک ٹن کی جا رہی ہے، جسے آئندہ دنوں میں بڑھا کر 6 ہزار میٹرک ٹن کر دیا جائے گا۔ ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں تمام فلور ملز معمول کے مطابق فعال ہیں اور آٹے کی پسائی مسلسل جاری ہے، حکومت پنجاب معیاری آٹے کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مسلسل نگرانی کر رہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی اور سپلائی چین برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں گندم، آٹے اور روٹی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری گندم کی فراہمی میں اضافہ، آٹے کی دستیابی یقینی اور روٹی کی مقررہ قیمت پر فروخت کو ممکن بنایا جائے۔