خصوصی بچوں کیلئے پنجاب میں اے آئی ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل نصابی کتب کی تیاری کا آغاز
11-18-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے خصوصی بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے یونیسیف کے اشتراک سے ڈیجیٹل نصابی کتب کی تیاری کا آغاز کر دیا۔
اس سلسلے میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور یونیسیف کے اشتراک سے خصوصی بچوں کی ڈیجیٹل کتب کی تیاری کے حوالے سے تین روزہ بین الاقوامی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے خصوصی تعلیم ثانیہ عاشق، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن شعیب اقبال سید اور ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ ریٹائرڈ شعیب خان جدون نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران نصابی کتب کو خصوصی ڈیجیٹل فارمیٹ میں ڈھالنے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جبکہ جدید آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹل نصابی کتب کی تیاری کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ عالمی ماہرین جولی ڈی باربیریاک، الیاس کانسٹینٹوپیڈوس اور رویندرا ساہ شرکاء کو تربیت دے رہے ہیں۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر خصوصی بچوں کے لیے آڈیو اور اشاروں کی زبان پر مشتمل ڈیجیٹل نصابی کتب تیار کی جا رہی ہیں۔ جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے نصابی کتب کی تیاری کا دورانیہ چھ ماہ سے کم ہو کر محض 10 منٹ رہ جائے گا۔ اس موقع پر معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سپیشل ایجوکیشن اداروں کو عالمی معیار کی اے آئی لرننگ سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ خصوصی بچے بھی عام طلبہ کے شانہ بشانہ یکساں نصاب سے تعلیم حاصل کریں گے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انہیں مساوی تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مریم نواز آٹزم سکول کے بعد اب پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں آٹزم سیٹلائٹ ہب قائم کیے جا رہے ہیں۔ ثانیہ عاشق کے مطابق پنجاب کے 300 سکولوں میں زیر تعلیم 41 ہزار خصوصی بچوں کی ہیلتھ سکریننگ کی جا رہی ہے، جس کے بعد انہیں علاج اور سرجری کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہر خصوصی طالب علم کو ہمت کارڈ دیا جا رہا ہے جبکہ خودمختار پروگرام کے ذریعے بچوں کو باعزت روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے سینکڑوں خصوصی طلبہ کو ڈیجیٹل اور اے آئی ٹیکنالوجی کی جدید تربیت دی جا رہی ہے۔ قوت سماعت اور بینائی سے محروم بچوں کے لیے آڈیو اور اشاروں کی زبان پر مشتمل ڈیجیٹل کتابیں تیار کی گئی ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اے آئی سٹوڈیو کے ذریعے خصوصی بچوں کی نصابی کتب کی تیاری حکومتی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا خواب ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔