لاہور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں جرائم کی شرح میں 45 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ

11-18-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال جرائم کے واقعات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، شہر میں سنگین جرائم کی مجموعی شرح میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق خواتین سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں 80 فیصد، ڈکیتی کی وارداتوں میں 47 فیصد جبکہ رابری کے واقعات میں 68 فیصد کمی آئی ہے۔ اسی طرح کار چوری کی وارداتوں میں 68 فیصد اور کار چھیننے کے واقعات میں 67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 62 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری میں 43 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق شہر میں جھپٹا مارنے کے واقعات میں 45 فیصد اور نقب زنی میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے منظم جرائم کی روک تھام میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ شہر میں جرائم کی شرح میں کمی مؤثر پولیسنگ، مربوط حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن اور محفوظ لاہور کے پسِ پردہ پولیس اہلکاروں کی انتھک محنت، قربانیاں اور چوبیس گھنٹے دستیابی شامل ہے۔ لاہور پولیس کے 343 شہداء نے جرائم پر قابو پانے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے پولیس کی کوششیں جاری رہیں گی۔