سکولوں کے دور دراز مقامات پر تفریحی دوروں پر پابندی عائد

11-18-2026

(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکولوں کے تفریحی دوروں سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے دور دراز مقامات پر ٹرپس پر پابندی عائد کر دی ہے۔

نئی ہدایات کے مطابق سکولوں کو صرف ضلع لاہور یا 50 کلومیٹر کے دائرے میں تفریحی اور تعلیمی دوروں کی اجازت ہو گی، سکولوں میں زیرو پیریڈ کے دوران روزانہ طلبہ کو انگریزی کا ایک نیا لفظ سکھایا جائے، جبکہ طلبہ اس لفظ کو استعمال کرتے ہوئے جملے بھی بنائیں گے۔ تمام سکولوں میں ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنانے، سکولوں کی خوبصورتی کیلئے خود مدد کے تحت اقدامات کرنے اور سرکاری سکولوں کے کلاس رومز کی دیواروں کو رنگین بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں جاری تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد میں غفلت برتنے والوں کے خلاف ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کی حفاظت اور سفر کے دوران ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے، جبکہ تمام سکولوں کو نئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔