ڈولفن سکواڈ کا کریک ڈاؤن، مطلوب اشتہاری مجرمان گرفتار
11-18-2026
(لاہور نیوز) جعلی چیکوں اور فراڈ کے ذریعے شہریوں سے رقوم ہتھیانے والے ملزمان ای پولیس ایپ کی مدد سے پکڑے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران ڈولفن سکواڈ نے شیخوپورہ، خانیوال اور لاہور پولیس کو مطلوب 6 اشتہاری ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان ڈولفن سکواڈ کے مطابق ملزمان کو سٹاپ اینڈ سرچ کارروائی کے دوران ای پولیس ایپ کی مدد سے شناخت کیا گیا، گرفتار ملزمان مختلف مقدمات میں تینوں اضلاع کے تھانوں کو مطلوب تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جعلی چیکوں اور فراڈ کے ذریعے شہریوں سے رقوم ہتھیانے میں ملوث تھے، گرفتار ملزمان طلحہ، عمیر، افضل سمیت دیگر کو مزید قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن کا کہنا ہے کہ شہریوں سے فراڈ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اشتہاری مجرمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔