انسداد پولیو مہم میں کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے، سربراہ پولیو پروگرام
11-17-2026
(لاہور نیوز) سربراہ انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز کی زیر صدارت نومبر کی ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے 13 اضلاع کے محکمہ صحت کے حکام نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں نومبر کی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور خامیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ 14 دسمبر سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ انسداد پولیو پروگرام خالد پرویز نے ہدایت کی کہ دسمبر میں شروع ہونے والی قومی مہم کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی جائیں اور تمام اضلاع بھرپور تیاری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم سے قبل اضلاع میں باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں اور گزشتہ مہم کی خامیوں اور کمزوریوں کو دور کیا جائے، مہم سے پہلے تربیتی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ خالد پرویز کا کہنا تھا کہ نومبر کی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی ستمبر کی مہم کے مقابلے میں کم رہی ہے، جبکہ کیچ اپ سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خانہ بدوش اور نقل مکانی کرنے والی آبادیوں کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے اور مہاجر آبادیوں کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں، قومی مہم کے دوران کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ سربراہ انسداد پولیو پروگرام نے بتایا کہ پنجاب کے تمام ماحولیاتی نمونوں کے نتائج منفی ہیں، پولیو کے خاتمے کیلئے کام کے معیار کی بات کی جائے تو پنجاب کا مقابلہ پنجاب ہی سے ہے، لہٰذا ہمیں اپنے معیار کو مزید بہتر بنانا ہو گا۔ انہوں نے تمام اضلاع کو مائیکرو پلانز مکمل کرنے، مہم سے قبل تیاریوں کا جائزہ لینے اور ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دسمبر کی قومی انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں گے۔