پرائس کنٹرول کا پرانا نظام ختم، 44 افسران فارغ کرنے کا فیصلہ
11-17-2026
(لاہور نیوز) مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی، کرپشن اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر ضلعی انتظامیہ نے بڑا انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فارغ کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب (ہوم ڈیپارٹمنٹ) کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول کیلئے مختلف محکموں سے تعینات کئے گئے افسران بھی فارغ کر دیئے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 44 افسران کو ذمہ داریوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامی فیصلے کے تحت لاہور میں پرائس کنٹرول کے پرانے نظام کو ختم کرکے نئی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشی کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا سکیں۔ نئے نظام کے تحت تھانوں کی سطح کے بجائے تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پیرا فورس، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی پرائس کنٹرول کے اختیارات دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے پرائس کنٹرول نظام کیلئے افسران کی نئی فہرستیں تیار کی جائیں گی، جس کے بعد شہر میں قیمتوں کی نگرانی اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں کا نیا طریقہ کار نافذ کیا جائے گا۔