طلاق کی رنجش پر خاتون کے قتل کا الزام، ملزم گرفتار

11-17-2026

(لاہور نیوز) چوہنگ پولیس نے طلاق کی رنجش پر خاتون کو قتل کرنے کے الزام میں نامزد ملزم شبیر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ اپنی بیٹی، جو ملزم کی سابقہ اہلیہ ہے، کے ہمراہ جہیز کا سامان لینے گئی تھیں، اس دوران مبینہ طور پر ملزم شبیر نے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر خاتون کو قتل کرنے کی کوشش کی، مدعیہ کے الزام کے مطابق واقعے کے بعد خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئیں۔ واقعے کا مقدمہ چوہنگ پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت درج کرکے نامزد ملزم شبیر کو گرفتار کر لیا، پولیس نے ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد اور جرائم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔