پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجرا کا نیا قانونی طریقہ کار متعارف کرانے کا فیصلہ
11-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے شہریوں کو ملازمت، ویزا اور امیگریشن کے حصول میں درپیش مشکلات دور کرنے کیلئے پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجرا کا باقاعدہ قانونی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کیلئے پولیس آرڈر (ترمیمی) ایکٹ 2026 کا بل گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، جسے قائمہ کمیٹی برائے قانون کو بھجوا دیا گیا ہے۔ بل کے متن کے مطابق ایسے شہری جنہیں کسی مقدمے میں عدالت سے بری کر دیا گیا ہو، ڈسچارج کیا گیا ہو یا جن کے خلاف مقدمہ خارج ہو چکا ہو، انہیں پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت متعلقہ فوجداری مقدمے کا ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ مجوزہ قانون کا مقصد ان شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو بری ہونے کے باوجود پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ پر مقدمہ ظاہر ہونے کے باعث ملازمت، ویزا اور بیرون ملک سفر کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ بل کے مطابق پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے درخواست متعلقہ ضلع کے سربراہ پولیس افسر کو جمع کرانا ہو گی، اگر درخواست گزار کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہ ہو تو اسے تین روز کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرنا لازم ہو گا۔ مقدمے میں بری ہونے والے شہریوں کو متعلقہ عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول درخواست کے ساتھ فراہم کرنا ہوں گی، جن کی تصدیق کے بعد 15 روز کے اندر پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا۔ مجوزہ قانون میں عادی مجرم قرار دیئے گئے افراد کی حیثیت پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ میں ظاہر کرنے کی شق بھی شامل ہے، جبکہ پولیس کو بری ہونے یا مقدمہ خارج ہونے کے باوجود متعلقہ شہری کا فوجداری ریکارڈ اپنے داخلی نظام میں محفوظ رکھنا ہو گا۔ بل کے مطابق پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کی صورت میں ضلعی پولیس سربراہ تحریری طور پر وجوہات بتانے کا پابند ہو گا، متاثرہ شہری کو اس فیصلے کے خلاف 14 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہو گا، اپیل پر مجاز افسر شہری کو سماعت کا موقع دینے کے بعد 30 روز کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہو گا۔ بل میں پنجاب کے صوبائی پولیس افسر کو یہ اختیار بھی دینے کی تجویز دی گئی ہے کہ وہ ایسے مقدمات کی درجہ بندی کرے جن کا ریکارڈ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ میں ظاہر نہیں کیا جائے گا، اس کے علاوہ سرٹیفکیٹ کے اجرا اور اپیلوں کی سماعت کا طریقہ کار بھی صوبائی پولیس افسر طے کرے گا۔