کسان سے سستی گندم خرید کر عوام کو مہنگا آٹا فروخت کیا جا رہا ہے، حافظ نعیم الرحمان

11-17-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے باعث عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ آٹا بھی انتہائی مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت 5 ہزار 800 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، جبکہ کسانوں سے یہی گندم زیادہ سے زیادہ 3 ہزار 500 روپے فی من خریدی گئی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسان سے 3 ہزار 500 روپے فی من خریدی جانے والی گندم مارکیٹ میں 5 ہزار 800 روپے تک کیسے پہنچ گئی؟ اس پورے عمل کے دوران درمیان میں کون لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں، فلور ملز ایسوسی ایشن بھی متعدد مرتبہ شکایت کر چکی ہے کہ انہیں انتہائی ناقص معیار کی گندم فراہم کی جا رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کا حصول مشکل بنا دیا ہے، گندم کی خریداری سے لے کر مارکیٹ میں فروخت تک قیمتوں کے فرق اور اس سے فائدہ اٹھانے والے عناصر کا تعین کیا جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔