مریم نواز کا ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ، پنجاب کے دیہات کی ترقی کا نیا منصوبہ
11-17-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی اور دیہی آبادی کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ’’وزیراعلیٰ پنجاب اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پنجاب کے دیہات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد گاؤں کے مکینوں کی مشاورت اور فیصلوں سے کیا جائے گا۔
اپنا گاؤں پروگرام کے تحت دیہات میں پکی گلیاں تعمیر کی جائیں گی، ڈرینج سسٹم بنایا جائے گا اور گندے پانی کے نکاس کے لیے جوہڑ تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہات میں سولر اسٹریٹ لائٹس لگانے کا بھی حکم دیا ہے۔ پروگرام کے تحت دیہی ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنا گاؤں پروگرام کے آغاز کے لیے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ اس مقصد کے لیے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کے لیے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر گاؤں کی ترقی گاؤں کے اپنے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں۔ گاؤں کے مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں خود فیصلے کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔ اپنا گاؤں پروگرام دیہی علاقوں کے مکینوں کی زندگی میں بہتری لانے کے عزم کی عملی تصویر ہے۔