آن لائن پتنگ فروشی کرنے والے 3 ملزمان گرفتار، پتنگیں اور چرخیاں برآمد

11-17-2026

(لاہور نیوز) پتنگ بازی کے سامان کی غیرقانونی فروخت کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

مزنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن پتنگ فروشی میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ایم اے او کالج کے قریب دورانِ پٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت آصف، نواز اور انس کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 410 پتنگیں اور 4 چرخیاں برآمد کر لیں۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق گرفتار ملزمان پتنگیں تیار کرنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں آن لائن آرڈرز کے ذریعے ڈیلیور کرتے تھے، پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے سامان کی غیرقانونی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔