کراچی سے لاہور آنے والی کنٹینر ٹرین کی 7 ویگنیں پٹڑی سے اتر گئیں
11-17-2026
(لاہور نیوز) ریلوے سسٹم میں حادثات کا سلسلہ جاری، علی الصبح ایک اور ٹرین حادثہ پیش آگیا۔ کراچی سے لاہور آنے والی کنٹینر ٹرین خانپور کے قریب فیروزہ ریلوے اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کنٹینر ٹرین فیروزہ اسٹیشن پر اوور شوٹ ہوگئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت 7 ویگنیں پٹڑی سے اتر گئیں، جبکہ 6 ویگنیں الٹ گئیں۔ حادثے کے باعث ریلوے ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ واقعے کے بعد ریلوے حکام میں کھلبلی مچ گئی، جبکہ حادثے کی وجوہات اور مالی نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔