انعامی سکیم سے قبل ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی کڑی نگرانی کا فیصلہ

11-17-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے انعامی سکیم کے آغاز سے قبل ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے شعبے کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں سے انکار، پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشینوں میں ردوبدل اور جعلی رسیدیں جاری کرنے والے کاروباروں کی نشاندہی کی جائے گی۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت محکمانہ امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں الیکٹرانک انوائسنگ مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) کے نفاذ اور مؤثر نگرانی کے لیے انفورسمنٹ ونگ کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا۔ پی آر اے کے ترجمان کے مطابق انعامی سکیم کے آغاز سے قبل ریسٹورنٹس میں صارفین کو باقاعدہ ڈیجیٹل رسیدوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، پی او ایس مشینوں میں ردوبدل، جعلی رسیدوں کے اجرا اور غیر قانونی طور پر ٹیکس وصول کرنے والے کاروباروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ ایسے کاروباروں کی بھی نشاندہی کی جائے گی جو صارفین سے ٹیکس وصول کرنے کے باوجود اسے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرواتے، اس مقصد کے لیے کاروباری اداروں کے کیش اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ پی آر اے کے مطابق صارفین کے لیے کھانے کے بل کی جعلی یا غیر تصدیق شدہ رسید قابل قبول نہیں ہوگی۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل ادائیگیوں سے انکار کرنے یا رسید جاری نہ کرنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف متعلقہ حکام کو شکایات درج کروائیں۔