موٹرسائیکلز کی فروخت میں 28 فیصد، تھری ویلرز میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ

11-17-2026

(ویب ڈیسک) ملک میں موٹرسائیکلز اور تھری ویلرز کی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 28 فیصد اور 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران ملک میں موٹرسائیکلز کے مجموعی طور پر 7 لاکھ 46 ہزار 166 یونٹس فروخت ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ تعداد 5 لاکھ 84 ہزار 731 یونٹس تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران موٹرسائیکلز کی فروخت ایک لاکھ 98 ہزار 357 یونٹس رہی، جو ستمبر کے ایک لاکھ 95 ہزار 626 یونٹس کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں فروخت ہونے والے ایک لاکھ 61 ہزار 607 یونٹس کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں تھری ویلرز کی فروخت بھی 9 فیصد اضافے کے ساتھ 13 ہزار 387 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12 ہزار 294 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔ تاہم ماہانہ بنیادوں پر تھری ویلرز کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، اکتوبر میں ایک ہزار 551 یونٹس فروخت ہوئے، جو ستمبر کے 6 ہزار 876 یونٹس کے مقابلے میں 77 فیصد کم ہیں، گزشتہ سال اکتوبر میں فروخت ہونے والے 3 ہزار 876 یونٹس کے مقابلے میں بھی 60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاما کے اعداد و شمار کے مطابق موٹرسائیکلز کی فروخت میں سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ جبکہ تھری ویلرز کی فروخت میں سالانہ اضافے کے باوجود اکتوبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔