پنجاب صاف پانی اتھارٹی میں ناقص کارکردگی پر دو ڈائریکٹرز برطرف
11-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب صاف پانی اتھارٹی میں ناقص کارکردگی پر دو اہم افسران کو عہدوں سے برطرف کر دیا گیا۔
سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ڈائریکٹرز کی برطرفی کے احکامات جاری کر دیئے، برطرف کئے جانے والے افسران میں ڈائریکٹر نارتھ زون یاسر بشیر اور ڈائریکٹر ساؤتھ زون عامر خلیق شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں افسران کی کارکردگی پر محکمہ بلدیات پنجاب کو بھی تحفظات تھے، اس حوالے سے سپیشل سیکرٹری بلدیات نے پنجاب صاف پانی اتھارٹی میں ذمہ دار افسران کا تعین کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی ہدایات کے بعد دونوں ڈائریکٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور انہیں فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔