طلبہ مستقبل کے رہنما اور ملکی ترقی کے مضبوط ستون ہیں،اعلیٰ تعلیم ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے: مریم نواز

11-17-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ طلبہ مستقبل کے رہنما اور ملک کی ترقی کے مضبوط ستون ہیں،آج کے طلبہ کل کے سائنسدان، افسر، چیمپئن، پالیسی ساز اور عالمی رہنما بنیں گے، طلبہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ نظم و ضبط، اخلاقی اقدار اور خدمت کے جذبے کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

مریم نواز شریف نے طلبہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ طلبہ کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنے کے عزم پر قائم ہیں، حکومت پنجاب ہونہار سکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ سکیم اور ای بائیکس کے ذریعے طلبہ کو تعلیمی اور سفری سہولتیں فراہم کر رہی ہے، نواز شریف سکول آف ایمننس میں طلبہ کو مہنگے نجی تعلیمی اداروں سے بہتر معیار کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہر نوجوان کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، طلبہ حکومت سے حاصل ہونے والے لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل لائبریریوں کو تعلیم، تحقیق اور علمی استعداد میں اضافے کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ملکی قیادت اور مستقبل کے حوالے سے درست فیصلے کرنے کے لیے ملک کی سیاست اور حالات سے ہمیشہ باخبر رہیں اور تعمیر ملت میں بھرپور کردار ادا کریں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ جہاں بھی رہیں، ہنر، اخلاقی اقدار اور خدمت کے جذبے کو ہمیشہ اپنے دل میں زندہ رکھیں، جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے حصول کے ساتھ ذمہ دار شہری بننا بھی ان کی ترجیح ہونی چاہیے۔