ملک میں کرپشن کے خلاف کارروائی صرف پنجاب میں ہو رہی ہے، عظمیٰ بخاری

11-16-2026

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کے خلاف کارروائی صرف پنجاب میں ہو رہی ہے۔

ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن تو ہو رہی ہے لیکن اس کے خلاف کارروائی صرف پنجاب میں جاری ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز خود کرپشن کے خلاف کارروائیوں کو مانیٹر کر رہی ہیں، پنجاب حکومت کہیں نہیں جا رہی، مریم نواز انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز دستک ایپ پر 400 سے زائد سہولیات موجود ہیں اور لوگ گھر بیٹھے اس ایپ سے مستفید ہو رہے ہیں، سکول میل پروگرام سے لاکھوں بچے فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ پنجاب کے تمام پولیس اسٹیشنز میں ویمن ہیلتھ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز نے موبائل پولیس اسٹیشنز بھی شروع کیے ہیں، ورچوئل پولیس اسٹیشن کے ذریعے ایک لاکھ گمشدہ بچوں کی تلاش کی گئی جبکہ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی ورچوئل پولیس اسٹیشنز سے رجوع کیا، خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین کا تحفظ اور امن و امان وزیراعلیٰ مریم نواز کی ریڈ لائن ہے، اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، ستھرا پنجاب پروگرام صرف شہروں تک محدود نہیں بلکہ دیہات میں بھی جاری ہے، پنجاب کے ہسپتالوں میں جانور نہیں باندھے جاتے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی علامت بنے ہوئے گروپوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، یہ گروپ یہاں سے بھاگ کر دوسرے صوبوں میں چھپ جاتے ہیں، تاہم کسی دہشت گرد کو چھپنے نہیں دیا جائے گا۔ چودھری سالک حسین کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سالک صاحب نے قانونی نوٹس کا جواب دیا ہے، ان سے کرپشن کے الزامات کے ثبوت مانگے تھے لیکن انہوں نے جواب میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ چودھری سالک سے پوچھا تھا کہ کرپشن کے ثبوت الماریوں میں دکھانے ہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے طیارے کے اخراجات سے متعلق عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طیارے کا ایک سال کا خرچہ کابینہ نے منظور کیا ہے، جب طیارہ استعمال ہو گا تو اس کے اخراجات بھی ہوں گے، صوبوں کی تعداد میں اضافے اور ریفرنڈم سے متعلق سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس معاملے پر ریفرنڈم کا فیصلہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم نے کرنا ہے۔