فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، معروف فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ اور واٹر پلانٹ بند
11-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 22 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناقص انتظامات پر 2 یونٹس بند جبکہ 20 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 5 لاکھ 76 ہزار روپے جرمانے عائد کر دیئے، کارروائیوں کے دوران 2 من سے زائد ناقص اور مضر صحت اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں، جوہر ٹاؤن میں معروف فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کو ناقص انتظامات کے باعث بند کیا گیا جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں پانی کے نمونے فیل ہونے پر واٹر پلانٹ کی پروڈکشن روک دی گئی۔ ترجمان کے مطابق مختلف فوڈ یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی، اس کے علاوہ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔