انسدادِ سموگ آپریشن، فصلوں کی باقیات جلانے پر مقدمات، بھاری جرمانے

11-16-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں انسدادِ سموگ اقدامات مزید تیز کر دیئے گئے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق لاہور میں اس وقت ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ سمت مغرب شمال مغربی ہے، کمزور ہواؤں کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس میں عارضی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم صبح 11 بجے سے ہوا کی رفتار بڑھنے کے باعث فضائی آلودگی کے پھیلاؤ اور اے کیو آئی میں بہتری کی توقع ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہائی اے کیو آئی والے علاقوں میں سموگ گنز کا آپریشن اور پانی کا چھڑکاؤ مسلسل جاری ہے، پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف مؤثر فیلڈ انفورسمنٹ اور مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو روایتی زرعی طریقوں کے بجائے جدید سپر سیڈرز، کبوٹا ہارویسٹرز اور بیلرز کے استعمال کی جانب راغب کیا جا رہا ہے، فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے بیلرز کے ذریعے گٹھوں کی صورت میں جمع کرکے پیپر اور بائیو انڈسٹری کو فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے معاشی قدر میں اضافہ بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب میں دھان کی فصل کی کٹائی 93.6 فیصد مکمل ہو چکی ہے اور مجموعی طور پر 59 لاکھ 27 ہزار 400 ایکڑ رقبے پر فصل کی برداشت مکمل کی جا چکی ہے، کٹائی کیلئے 187 بیلرز اور ایک ہزار 259 کبوٹا مشینیں فعال ہیں جبکہ سپر سیڈر ٹیکنالوجی کے ذریعے 17 لاکھ 92 ہزار 556 ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت مکمل کر لی گئی ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے اب تک 402 واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن پر 222 ایف آئی آرز اور استغاثے درج جبکہ 31 لاکھ 95 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، 13 سے 15 نومبر کے دوران باقیات جلانے کے مزید 3 واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر بھی مقدمات اور استغاثے درج کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 61 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، خلاف ورزی پر 3 یونٹس سیل اور 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی میں 106 بھٹوں کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ 3 بھٹے سیل کئے گئے، کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 مقامات کی چیکنگ کی گئی، ایک مقام کو سموگ نوٹس جاری کیا گیا جبکہ 6 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کئے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام، جدید زرعی مشینری کا استعمال اور آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف کارروائی حکومت کی جامع انسدادِ سموگ حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں جبکہ شہری گاڑیوں اور دیگر ذرائع سے دھواں پھیلانے سے گریز کریں اور اپنی گاڑیوں کی فوری فٹنس سرٹیفیکیشن کروائیں، بزرگوں، بچوں اور حساس طبیعت کے حامل افراد کو آؤٹ ڈور سرگرمیوں سے اجتناب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔