امن و رواداری کے فروغ کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب

11-16-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رواداری، احترام اور برداشت ایک کامیاب اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں، معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے اس دور میں برداشت اور رواداری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے رواداری کو فروغ دینا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بھی نوجوان نسل میں برداشت، احترام اور محبت کے اصولوں کو فروغ دینا چاہئے، پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی عملی مثال بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے، آپ ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی رواداری اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کیا، دین اسلام بھی امن، محبت اور رواداری اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ منفی رویے نہ صرف خاندان بلکہ پورے معاشرے کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں، معاشرے میں عدم برداشت کے رجحان کے خاتمے کیلئے مثبت سوچ اور بہترین طرزِ عمل اپنانا ہو گا، ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی روش اختیار کرنا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو برداشت اور تحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے، معاشرے کو پُرامن رکھنے کیلئے ہمیں رواداری کی راہ پر چلنا ہو گا۔ مریم نواز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ آج ہم برداشت اور رواداری کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔