سٹیج کے اداکار عابد چارلی کی طبیعت دوبارہ بگڑ گئی، ہسپتال داخل

11-15-2026

(لاہور نیوز) سٹیج کے سینئر اداکار اور کامیڈین عابد چارلی کی ایک مرتبہ پھر طبیعت بگڑ گئی جنہیں جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اہل خانہ نے حکومت سے علاج کرانے کی اپیل کی ہے،عابد چارلی ایک عرصہ سے شدید علیل ہیں اور پھیپھڑوں اور دماغ کے مرض میں مبتلا ہیں۔ سٹیج کے سینئر اداکار اور کامیڈین عابد چارلی کا اصل نام محمد صدیق ہے ۔  یاد رہے کہ اگست 2026 میں انہیں فالج (اسٹروک) کا اٹیک ہوا تھا جس کے بعد گردوں، جگر، سینے اور دماغ سے متعلق پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ انہیں پہلے جناح ہسپتال اور بعد میں لاہور جنرل ہسپتال میں علاج کروایا گیا، حکومت پنجاب کی جانب سے طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا گیاتھا، 1 اکتوبر 2026 کو ان کی طبیعت میں بہتری آنے پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق دماغ میں کلاٹس کا آپریشن ممکن نہیں تھا، اس لیے ادویات سے علاج جاری رکھا گیا۔