پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقا ت
11-15-2026
(لاہور نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی صدر شعبہ خواتین فریال تالپور نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کارکناں سے ملاقات کرتے ہوئے لاہور کے رہنماؤں سمیت کارکنوں کو باہمی اختلافات ختم کر کے متحد ہونے کی ہدایت کی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان کا استقبال کیا، ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی پنجاب کی تنظیمِ نو، صوبے میں پارٹی کی مجموعی سیاسی و تنظیمی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فریال تالپور نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی عوامی خدمات اور گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کو حقیقی معنوں میں عوامی گورنر ہاؤس دیکھ کر خوشی ہوئی۔ پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور اس کے کارکن ہی اس کا اصل سرمایہ ہیں۔ فریال تالپور نے کہا کہ پارٹی عہدیداران، کارکنان اور جیالے خود کو تنہا نہ سمجھیں، سب متحد ہو کر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پارٹی قیادت، کارکنوں، جیالوں اور عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ ہم نے گورنر ہاؤس کو پیپلز ہاؤس میں تبدیل کر دیا ہے تاکہ ہر شخص یہاں آ کر اپنی بات پیش کر سکے۔