رائیونڈ سالانہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر، شرکاء کے انخلا کیلئے ٹریفک پولیس کے خصوصی انتظامات

11-15-2026

(لاہور نیوز) سالانہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ اجتماع کے اختتام پر مولانا ابراہیم دیولہ صاحب نے خصوصی دعا کروائی۔

اختتامی دعا کے دوران مولانا ابراہیم دیولہ نے کہا کہ اے مالکِ کائنات! پوری دنیا کے انسانوں کو اپنے راستے پر چلنے والا بنا دے۔ کلمہ طیبہ پڑھنے کی برکت سے دنیا بھر کے انسان کامیاب ہوجائیں گے۔ دوسری جانب اختتامی دعا کے بعد شرکائے اجتماع کے انخلا کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے ونڈ اجتماع گاہ کی جانب جانے والے راستے بند رہیں گے۔ رائے ونڈ روڈ، مانگا روڈ اور سندر روڈ پر ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انخلا کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے رائے ونڈ کی جانب آنے والی ٹریفک بھی بند رہے گی۔ شہریوں کو صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی ٹریفک وارڈنز اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ شہری ٹریفک سے متعلق رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔