چینی وفد کی پنجاب کے PIVOT پروگرام میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

11-14-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں پاک چین اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہو گیا، چینی وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے PIVOT پروگرام میں سرمایہ کاری اور اشتراک میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے صوبائی وزراء کے ہمراہ چینی وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں پنجاب میں پاک چین اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے، جدید زراعت، ایگرو پروسیسنگ، لائیو سٹاک، سیاحت، سکل ڈویلپمنٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چینی وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے PIVOT پروگرام کو سراہتے ہوئے پنجاب میں ایگرو پروسیسنگ پارکس اور لائیو سٹاک کے منصوبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، چینی وفد نے مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کیلئے PIVOT سیکریٹریٹ کے ساتھ اپنا فوکل پرسن بھی نامزد کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پاک چین معاشی تعاون کو عملی سرمایہ کاری اور ٹھوس ترقیاتی منصوبوں میں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں، پنجاب میں پاک چین اشتراک سے خصوصی ایگرو پروسیسنگ زون قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت چینی کمپنیوں کو براہ راست سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کیلئے مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جدید ٹیکنالوجی، صنعتی مہارت اور سرمایہ کاری سے پنجاب کے زرعی شعبے میں نئی ویلیو چین اور معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، چاول، گندم، مکئی اور آئل سیڈز سمیت اہم زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے چار جدید ایگرو پروسیسنگ یونٹس کے قیام پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاک چین تعاون سے زراعت، لائیو سٹاک اور ایگرو پروسیسنگ کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، خصوصی ایگرو پروسیسنگ زون میں چینی کمپنیوں اور پاکستانی کاروباری اداروں کے مشترکہ منصوبوں کیلئے مخصوص سہولیات فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ملاقات میں مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کیلئے وزیر زراعت کی سربراہی میں ورکنگ گروپ تشکیل دینے، واضح ٹائم لائنز اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا، سکل ڈویلپمنٹ، سیاحت، شرمپ فارمنگ اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں بھی چینی سرمایہ کاری اور مہارت سے استفادہ کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے پنجاب کے سازگار کاروباری ماحول، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے مواقع کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی معاشی ترقی میں شراکت داری ان کیلئے اعزاز ہو گی، وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب کے کاروباری وفد کے ہمراہ چین کے دورے کی دعوت بھی دی اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دینے پر زور دیا۔ چینی وفد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات اور سی پیک 2.0 کے تناظر میں زراعت، تجارت، صنعت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، دونوں ممالک کو مشترکہ سرمایہ کاری اور طویل المدتی منصوبوں کے ذریعے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے چاہئیں۔ ملاقات میں ماحولیاتی تحفظ اور سموگ کے مسئلے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، چینی وفد نے لاہور میں ٹریفک کے دھوئیں اور تعمیراتی مقامات سے اٹھنے والی گردوغبار کو فضائی آلودگی کے اہم عوامل قرار دیتے ہوئے ان پر مؤثر قابو پانے کیلئے طویل المدتی اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا، وفد نے بیجنگ میں سموگ کنٹرول کے حوالے سے حاصل ہونے والے تجربات پنجاب کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش بھی کی۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب میں ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک کو تقریباً 60 مانیٹرز تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ چینی شراکت داروں کے تعاون سے جدید ڈیٹا اور مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، پنجاب کا پہلا کلائمیٹ آبزرویشن سسٹم موسمیاتی تبدیلیوں، فضائی آلودگی اور ماحولیاتی صورتحال سے متعلق مستند ڈیٹا فراہم کرے گا۔ چینی وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پاک چین تعاون کیلئے خصوصی کمیٹیوں کے قیام کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے زراعت، تجارت، سموگ کنٹرول اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے ٹھوس اور طویل المدتی منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاک چین شراکت داری کا اگلا مرحلہ واضح اہداف، مشترکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ایسے منصوبوں پر مشتمل ہو گا جن کے ثمرات دونوں ممالک کے عوام تک پہنچیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیح باہمی تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔