خام معدنیات نہیں، ویلیو ایڈڈ مصنوعات برآمد کرنے کی ضرورت ہے، علی حسام اصغر
11-14-2026
(لاہور نیوز) صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی حسام اصغر نے کہا ہے کہ خام معدنیات نہیں، ویلیو ایڈڈ مصنوعات برآمد کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی حسام اصغر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کو 2050ء تک دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کے ویژن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر ملکی معاشی ترقی، صنعتی استحکام اور برآمدات میں اضافے کیلئے غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ اپنے بیان میں علی حسام اصغر نے کہا کہ پاکستان کو معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے خام معدنیات کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہو گا، اس حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ممکن ہو گا بلکہ ملک کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا اور نئی صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، معدنی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے اس شعبے کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے معدنی شعبے میں سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں میں سڑکوں، توانائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے تاکہ معدنی منصوبوں کی ترقی کے ساتھ مقامی آبادی بھی مستفید ہو اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے خام مال کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور برآمدات پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، حکومت، مسلح افواج اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر تعاون اور مشترکہ کوششیں ملک کی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ صدر لاہور چیمبر نے اس امید کا اظہار کیا کہ معدنی وسائل کے مؤثر استعمال، صنعتی پالیسیوں کے تسلسل اور سرمایہ کاری کے فروغ سے پاکستان معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی کی منزل حاصل کر سکتا ہے۔