ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی کارروائی، گیس کنکشن کا کمرشل استعمال بے نقاب

11-14-2026

(لاہور نیوز) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے گھریلو گیس کنکشن کے غیر قانونی کمرشل استعمال کا معاملہ بے نقاب کرتے ہوئے گیس چوری پکڑ لی۔

ایف آئی اے کے مطابق کوٹ حیات منوال، چوہنگ، ملتان روڈ پر کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ایک نجی کمپنی کی جانب سے گھریلو گیس کنکشن پر کمرشل کچن چلایا جا رہا تھا، جہاں روزانہ تقریباً 200 افراد کیلئے کھانا تیار کیا جاتا تھا۔ حکام کے مطابق گھریلو گیس کنکشن پر 72 نوزلز پر مشتمل دو کمرشل برنرز استعمال کیے جا رہے تھے، بھاری مقدار میں گیس استعمال ہونے کے باوجود ماہانہ بل تقریباً ایک ہزار روپے ادا کیا جا رہا تھا۔ ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران گیس میٹر اتار کر قبضے میں لے لیا، جسے تکنیکی اور فرانزک معائنے کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے، حکام کے مطابق گھریلو گیس کنکشن کے غیر قانونی کمرشل استعمال کے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔