پنجاب میں محفوظ ٹریفک کیلئے شاہراہوں پر 40 لاکھ سے زائد ریفلیکٹنگ سٹیکرز آویزاں

11-14-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب محمد وقاص نذیر نے محفوظ ٹریفک کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق گاڑیوں اور شاہراہوں پر 40 لاکھ سے زائد ریفلیکٹنگ سٹیکرز آویزاں کر دیے گئے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کمرشل لوڈڈ گاڑیوں سمیت لوکل ٹرانسپورٹ پر ریفلیکٹنگ سٹیکرز لگائے گئے ہیں،خطرناک موڑ، ڈیوائیڈرز اور کم روشنی والے مقامات پر بھی ریفلیکٹنگ ٹیپ نصب کی گئی ہے، جبکہ سڑکوں کے قریب کھمبوں اور درختوں پر بھی ٹیپ لگائی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ریفلیکٹنگ سٹیکرز سے پیچھے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو سامنے موجود گاڑیوں کا بہتر اندازہ ہوتا ہے۔ پنجاب کے شہری علاقوں میں جان لیوا حادثات میں 35 فیصد کمی آئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ چھوٹی چھوٹی احتیاطی تدابیر ہمیں بڑے حادثات سے محفوظ رکھتی ہیں، ٹریفک پولیس حادثات میں کمی اور محفوظ شاہراہوں کے قیام کے لیے ہر دم کوشاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس پنجاب کا عزم ہے کہ ہر شہری بحفاظت اپنی منزل پر پہنچے۔