سرکاری نرخ نامے کے برعکس سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت، شہری پریشان
11-14-2026
(لاہور نیوز) شہر میں سبزیوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخ نامے اور پرچون مارکیٹ کے درمیان نمایاں فرق سامنے آگیا، سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق بیشتر سبزیوں کے نرخ مقرر کیے گئے ہیں، تاہم مارکیٹ میں تمام سبزیاں سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
سبزی منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم درجہ اول کا خشک پیاز پرچون بازاروں میں 220 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 195 روپے مقرر ہونے کے باوجود درجہ اول کا ٹماٹر 230 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 440 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 460 روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔ ادرک تھائی لینڈ کا سرکاری نرخ 360 روپے مقرر ہے، تاہم دکاندار 420 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ لیموں کی سرکاری قیمت 55 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن پرچون مارکیٹ میں 100 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ سبز مرچ کا سرکاری نرخ 120 روپے جبکہ مارکیٹ میں 160 روپے فی کلو تک وصول کیا جا رہا ہے۔ ساگ کی سرکاری قیمت 40 روپے مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 50 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کا سرکاری نرخ 52 روپے مقرر ہونے کے باوجود درجہ اول کا آلو 70 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 220 روپے مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول کی شملہ مرچ 350 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ کھیرے کا سرکاری نرخ 60 روپے ہے، تاہم پرچون بازاروں میں 100 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 120 روپے مقرر ہونے کے باوجود 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ پھول گوبھی کا سرکاری نرخ 100 روپے ہونے کے باوجود پرچون بازاروں میں 150 روپے کلو تک وصول کیا جا رہا ہے۔ موٹی پھلیوں کی سرکاری قیمت 70 روپے مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔ بینگن کا سرکاری نرخ 80 روپے ہونے کے باوجود 140 روپے جبکہ بھنڈی کا سرکاری نرخ 160 روپے ہونے کے باوجود 220 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ دیسی گاجر کی سرکاری قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 80 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم پرچون بازاروں میں 100 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ گھیا کدو کا سرکاری نرخ 130 روپے ہونے کے باوجود 220 روپے جبکہ گھیا توری کا سرکاری نرخ 140 روپے مقرر ہونے کے باوجود 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ میتھی کی سرکاری قیمت 90 روپے مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ مولی کا سرکاری نرخ 40 روپے ہونے کے باوجود 60 روپے جبکہ مٹر کی سرکاری قیمت 200 روپے مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 250 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنائے اور من مانے نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ عوام کو مقررہ قیمتوں پر سبزیوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔