محکمہ صحت پنجاب کے متعدد میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے تقرر و تبادلے کے احکامات جاری

11-13-2026

(لاہور نیوز) محکمہ صحت پنجاب نے صوبے کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے، متعدد افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں جبکہ بعض ایم ایس کو عہدوں سے ہٹا کر محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

  جاری کردہ احکامات کے مطابق ڈاکٹر ذیشان حیدر کو ایم ایس جناح ہسپتال لاہور ریگولر بنیادوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر فرح انعام کو گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ لاہور، ڈاکٹر محمد شہباز کو میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال لاہور اور ڈاکٹر ظل ہما کو لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور کا ایم ایس مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ثمرہ زہرہ کو ایم ایس لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے عہدے سے ہٹا کر محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈاکٹر عافیہ زیب کو پنجاب ڈینٹل ہسپتال لاہور کا ایم ایس تعینات کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹر امتیاز احمد رانا کو ایم ایس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ ڈاکٹر کاشف بشیر چوہدری کو نیا ایم ایس مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر عامر محمد کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال نارووال، ڈاکٹر غلام مصطفیٰ ساحر کو علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ اور ڈاکٹر انیل کمار کو گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا ایم ایس تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ہارون طاہر کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میانوالی اور ڈاکٹر عبدالقادر خان کو نشتر ہسپتال ملتان کا ایم ایس مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر صائمہ بتول سومرہ کو ٹرشری کیئر ہسپتال نشتر ٹو ملتان کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں ڈاکٹر عبدالرحمان کو ایم ایس کے عہدے سے ہٹا کر محکمہ صحت رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ڈاکٹر سید فخر عباس شاہ کو نیا ایم ایس تعینات کر دیا گیا ہے، ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا کو حب اینڈ سپوک ماڈل ہسپتال ظاہر پیر، رحیم یار خان کا ایم ایس مقرر کیا گیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹر محمد ظفر اقبال کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ ڈاکٹر محمد عمران خان کو نیا ایم ایس تعینات کیا گیا ہے، ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹر فیصل وحید کی جگہ ڈاکٹر زاہد احمد کو ایم ایس مقرر کر دیا گیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں ڈاکٹر ریاض احمد کو عہدے سے ہٹا کر محکمہ صحت رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ڈاکٹر فرحان خان کو نیا ایم ایس تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال گجرات میں ڈاکٹر سعود افضل کو ایم ایس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا جب کہ ڈاکٹر محمد کاشف شہزاد ورک کو نیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔