شالیمار ایکسپریس میں ویڈیو بنانے کا معاملہ، خواجہ سراؤں سمیت ٹرین ڈرائیورز گرفتار

11-13-2026

(لاہور نیوز) شالیمار ایکسپریس کے انجن میں خواجہ سراؤں کے سفر کی ویڈیو جعلی قرار دینے کا ریلوے ترجمان کا دعویٰ غلط ثابت ہوا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے ٹرین ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور دونوں خواجہ سرا گرفتار کر لیے گئے۔

شالیمار ایکسپریس کے انجن میں دو خواجہ سراؤں کے سفر کا واقعہ حقیقت ثابت ہو گیا، وائرل ویڈیو کے چار روز بعد مقدمے کے اندراج اور گرفتاریوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 4 اور 5 نومبر کی درمیانی شب ساہیوال سے لاہور آنے والی شالیمار ایکسپریس میں پیش آیا، جہاں ٹرین ڈرائیور امتیاز اور اسسٹنٹ ڈرائیور ثقلین حیدر نے دو خواجہ سراؤں کو انجن میں سوار کروایا۔ مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ شالیمار ایکسپریس کے انجن نمبر 9016 میں دونوں خواجہ سراؤں نے ساہیوال سے رائیونڈ تک سفر کیا، خواجہ سرا علی احمد عرف حانیہ اسسٹنٹ ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھے رہے جبکہ محمد علی عرف علی جان نے انجن میں سفر کی ویڈیو بنائی۔ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، خواجہ سراؤں کی جانب سے یوسف والا ریلوے سٹیشن پر بنائی گئی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیر متعلقہ افراد کو ریلوے انجن میں سوار کر کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور  نے ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کی اور مسافروں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالا۔ واقعے پر مقدمہ نمبر 123/26 درج کیا گیا ہے، جس میں پاکستان ریلوے ایکٹ کی دفعات 101، 113 اور 120 جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 34 اور 500 شامل کی گئی ہیں، واقعے کے بعد ٹرین ڈرائیور امتیاز، اسسٹنٹ ڈرائیور ثقلین حیدر اور دونوں خواجہ سراؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ریلوے ترجمان کے مطابق ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو خواجہ سراؤں کو بغیر ٹکٹ انجن میں سفر کروانے اور ریلوے قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے، ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وائرل ویڈیو میں ردوبدل کیا گیا ہے اور اسے جعلی قرار دیا تھا۔ تاہم ایف آئی آر میں درج تفصیلات نے انجن میں سفر کے واقعے کی تصدیق کردی ہے، واقعے کی مزید تفتیش متعلقہ پولیس افسر کے سپرد کردی گئی ہے جبکہ قانونی کارروائی جاری ہے۔