نابینا افراد کا لاہور پریس کلب کے باہر دھرنا، مستقل روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ
11-13-2026
(لاہور نیوز) بصارت سے محروم افراد کا اپنے مطالبات کے حق میں لاہور پریس کلب کے باہر تیسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔
مظاہرین نے حکومت سے مستقل بنیادوں پر روزگار فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبات منظور ہونے تک احتجاج ختم نہ کرنے کا اعلان کر دیا، مظاہرین نے دھرنے کے دوران اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا کہ بارہا مطالبات کرنے کے باوجود انہیں روزگار فراہم نہیں کیا جارہا، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ احتجاج کرنے والے نابینا افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کرنا چاہتے ہیں اور باعزت روزگار کے خواہشمند ہیں، تاہم بے روزگاری نے ان کی زندگیوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مظاہرین کے مطابق تاحال حکومتی سطح پر ان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکے اور نہ ہی کوئی حکومتی نمائندہ مذاکرات کیلئے پہنچا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان کے مسائل کا فوری نوٹس لے اور مستقل روزگار کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری یقین دہانیوں کے منتظر ہیں اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب احتجاج کے باعث لاہور پریس کلب کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔