پنجاب میں زمین اور جائیداد کی رجسٹریوں کے اختیارات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو منتقل

11-13-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے زمین اور جائیداد کی رجسٹریوں کے نظام میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔

بورڈ آف ریونیو پنجاب نے اختیارات کی منتقلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اب زمین اور جائیداد کی رجسٹریاں کرنے کے مجاز ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی دفعہ 6 کے تحت یہ اختیارات تفویض کیے ہیں، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ حکومتی فیصلے کے تحت زمین اور جائیداد کی رجسٹریاں صرف پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے ای رجسٹریشن نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن میں رجسٹریشن کے اختیارات حاصل کرنے والے افسران کی نگرانی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز رجسٹریشن افسران کی کارکردگی کی نگرانی اور مؤثر چیک اینڈ بیلنس یقینی بنائیں گے۔ بورڈ آف ریونیو نے فیصلے سے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔