ملتان روڈ پر تیز رفتار مزدا کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، ڈرائیور گرفتار

11-13-2026

(لاہور نیوز) ملتان روڈ پر ستارہ حلال ہوٹل پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار مزدا نے خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق خاتون کا خاوند موٹرسائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کے لیے پمپ کے اندر گیا ہوا تھا جبکہ خاتون باہر کھڑی تھی کہ اسی دوران تیز رفتار مزدا نے اسے ٹکر مار دی۔ خاتون شدید زخمی ہونے کے باعث جانبر نہ ہوسکی۔ واقعے کی اطلاع 15 پر ملتے ہی مانگا منڈی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث مزدا ڈرائیور بابر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے حادثے میں ملوث مزدا بھی قبضے میں لے لیا ہے جبکہ ملزم بابر کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کے مطابق واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔