اندرون لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کا بڑا آپریشن، 10 قیمتی کمرشل دکانیں سیل
11-13-2026
(لاہور نیوز) متروکہ وقف املاک بورڈ نے غیر قانونی قابضین اور کرایہ نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اندرون لاہور میں 10 قیمتی کمرشل دکانیں سیل کر دیں۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایت پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور ون سیدہ سمیرا رضوی نے پولیس کی معاونت سے دہلی گیٹ میں تاریخی مسجد وزیر خان کے قریب واقع اتفاق سینٹر اور فلیٹ سینٹر کی 10 دکانیں سیل کیں۔ حکام کے مطابق دکانیں طویل عرصے سے کرایہ ادا نہ کرنے اور بھاری واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سیل کی گئی ہیں۔ سیل کی گئی دکانوں کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس پی سکیورٹی کی جانب سے بھی معاونت فراہم کی گئی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے اپنی قیمتی املاک کے تحفظ کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے اور غیر قانونی قابضین و کرایہ نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین اور سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کی ہدایات کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔