ایف بی آر کا پیکٹ والی چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا فیصلہ
11-13-2026
(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیکٹ میں فروخت ہونے والی چائے کی پیداوار، بلینڈنگ اور پیکنگ کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق چائے تیار کرنے، بلینڈنگ اور پیکنگ کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کیلئے ہر پیکٹ پر منفرد بارکوڈ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہر پیکنگ لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم بھی نصب کرنا ہو گا۔ ایف بی آر کے مطابق بارکوڈ کے ذریعے ہر پیکٹ کی شناخت اور گنتی کی جائے گی، بارکوڈ کے بغیر موجود مصنوعات کو 15 روز میں بارکوڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ہر برانڈ، بلینڈ، وزن اور پیکنگ کی قسم کیلئے الگ بارکوڈ مختص کرنا ہو گا۔ نئی مصنوعات کی رجسٹریشن پیکنگ سے کم از کم 7 روز پہلے لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے بغیر چائے کے پیکٹ فیکٹری سے باہر بھیجنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ نئے نظام کے تحت چائے کی پیداوار کا ڈیٹا حقیقی وقت میں ایف بی آر کو منتقل کیا جائے گا، سسٹم کی تنصیب اور فعالیت کی آخری تاریخ 10 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد چائے کی پیداوار، پیکنگ اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو مؤثر انداز میں مانیٹر کرنا ہے۔