سی سی پی او کی زیر صدارت اجلاس، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

11-13-2026

(لاہور نیوز)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نقب زنی، چوری اور جیب تراشی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ جیب تراشی اور موبائل سنیچنگ میں ملوث منظم گروہوں کو گرفتار کرکے شناخت پریڈ کے ذریعے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گنجان آباد علاقوں، ہسپتالوں اور بازاروں میں جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر پٹرولنگ اور نگرانی کا نظام مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ بی کیٹیگری کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ سی سی پی او نے کہا کہ نقب زنی، چوری اور جیب تراشی میں ملوث عادی مجرمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ سپروائزری افسران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور ریڈز کی خود قیادت کریں۔ ملزمان کو سزائیں دلوانے کے لیے معیاری تفتیش اور ٹھوس شواہد کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید اور ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انوسٹی گیشن بھی اجلاس میں موجود تھے۔