پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 15ویں بیچ کی اختتامی تقریب، طلبہ میں اسناد تقسیم
11-13-2026
(لاہور نیوز) سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 15ویں بیچ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے 33، یونیورسٹی آف لاہور کے 26 اور لاہور گیریژن یونیورسٹی کے 37 طلبا و طالبات نے انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لیا۔ شرکاء کو پانچ گروپس میں تقسیم کرکے پنجاب پولیس کی مختلف برانچز میں پانچ ہفتوں کے لیے منسلک کیا گیا۔ طلبا و طالبات نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، سپیشل برانچ، سیف سٹیز اتھارٹی، انویسٹی گیشن اور آئی ٹی برانچز میں انٹرن شپ مکمل کی۔ اس دوران حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر شرکاء نے اپنی پریزنٹیشن رپورٹس بھی پیش کیں۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ طلبا و طالبات کی کیریئر ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہوگا۔ تعلیم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے طلبا و طالبات کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ طلبا و طالبات نے پولیس ورکنگ اور فیلڈ چیلنجز کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیا راؤ، اے آئی جی ٹریننگ زوہیب نصراللہ رانجھا سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رضوان صفدر اور اسسٹنٹ پروفیسر صدیق اکبر، لاہور گیریژن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ ڈین کوکب جمال زبیری اور شعبہ کریمنالوجی کی سربراہ سندس منیر جبکہ یونیورسٹی آف لاہور کے ایڈوائزر ٹو چیئرمین فرخ حفیظ اور سینئر لیکچرر حسنین حمید اعوان بھی موجود تھے۔