پروٹین سے بھرپور ناشتہ وزن کم کرنے میں کیسے مدد دیتا ہے؟ جانئے

11-13-2026

(ویب ڈیسک) جسمانی وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کیلئے دن کا آغاز متوازن اور صحت بخش ناشتے سے کرنا اہم ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ناشتے میں پروٹین کا استعمال، مناسب مقدار میں پانی پینا اور کھانے میں جلد بازی سے گریز وزن کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈے اور دہی جیسی پروٹین سے بھرپور غذائیں پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا رکھتی ہیں، جس سے بار بار بھوک لگنے اور اضافی کھانے کی خواہش کم ہو سکتی ہے۔ اسی طرح صبح ہلکی پھلکی ورزش کے بعد ناشتہ کرنا بھی ایک مفید عادت ہے، ورزش کے بعد مناسب غذا کا استعمال جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے، ناشتے سے پہلے ایک یا دو گلاس پانی پینا بھی صحت مند ہاضمے کیلئے مفید ہے۔ ماہرین رات کے کھانے اور ناشتے کے درمیان تقریباً 12 گھنٹے کا وقفہ رکھنے، آہستہ آہستہ کھانا کھانے اور غذا کو اچھی طرح چبانے کا مشورہ دیتے ہیں، اس کے علاوہ سبز چائے، ادرک اور دارچینی کو روزمرہ معمول میں شامل کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ اشیا وزن کم کرنے کا فوری حل نہیں بلکہ متوازن غذا اور ورزش کے ساتھ معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مستقل صحت مند عادات اپنانا ہی وزن میں بتدریج کمی اور اسے برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔