لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ٹینڈر روک دیا

11-12-2026

(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ٹینڈر روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے انڈس شوگر ملز کی درخواست پر شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے کی درخواست پر شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے لیے جاری ای ٹینڈر اور متعلقہ کارروائی آئندہ سماعت تک روک دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے انڈس شوگر ملز لمیٹڈ کی آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے قرار دیا کہ شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے تحت جمع ہونے والے عوامی فنڈز کی تقسیم اور استعمال متعلقہ قانونی قواعد کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے وکیل احمد رضا ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب شوگرکین ڈویلپمنٹ سیس رولز 1964 کے رول 9 (اے ون) کی شق 9 کے تحت ڈویژنل شوگرکین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی کی تشکیل میں متعلقہ حلقے کے رکن صوبائی اسمبلی کی شمولیت لازمی ہے، تاہم انڈس شوگر ملز کے علاقے سے منتخب ایم پی اے محمد اویس دریشک کو کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر تشکیل دی گئی کمیٹی کی جانب سے فنڈز کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری قانونی طور پر قابلِ اعتراض ہے، درخواست گزار نے متعلقہ حکام کو متعدد بار اس بے ضابطگی کی نشاندہی کی لیکن اس کا ازالہ نہیں کیا گیا۔ جسٹس جواد حسن نے قرار دیا کہ یہ معاملہ محض انتظامی اختلاف نہیں بلکہ ایک قانونی سوال ہے کہ آیا شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز استعمال کرنے والی کمیٹی کی تشکیل متعلقہ قوانین کے مطابق ہوئی ہے یا نہیں، قانون میں کسی ادارے کی تشکیل کا مخصوص طریقہ مقرر ہو تو انتظامی حکام اس سے انحراف نہیں کر سکتے۔ عدالت نے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت سے قبل تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی، عدالت نے ڈپٹی کمشنر راجن پور اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کو مکمل ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن، اجلاسوں کی کارروائی، فنڈز کی تقسیم کے فیصلے، متعلقہ خط و کتابت، ترقیاتی منصوبوں اور ٹینڈرنگ کے عمل کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست گزار کی عبوری ریلیف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائی وے سرکل ڈیرہ غازی خان کی جانب سے 9 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ ای ٹینڈر نوٹس اور کمیٹی کی جانب سے شروع یا مجوزہ تمام بعد کی کارروائی آئندہ سماعت تک معطل رکھنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ اگر ٹینڈرنگ کا عمل جاری رہا تو تیسرے فریق کے حقوق پیدا ہونے اور مستقبل میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔