فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ٹولنٹن مارکیٹ سے 1150 کلو بیمار مرغیاں برآمد

11-12-2026

(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے حکم پر شہر بھر میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے فوڈ پوائنٹس کی مسلسل مانیٹرنگ اور چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

 پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں  نے مختلف کارروائیوں کے دوران 1150 کلو بیمار مرغیاں برآمد کرکے تلف کر دیں، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں معروف واٹر پلانٹ کو پانی کا سیمپل فیل ہونے پر بند کر دیا گیا، لاہور بھر میں 68 فوڈ پوائنٹس، واٹر پلانٹس، میٹ شاپس، ٹولنٹن مارکیٹ اور فوڈ سپلائرز کی چیکنگ کی۔ ترجمان کے مطابق فوڈ پوائنٹس کی انسپیکشن کے دوران ایک من سے زائد ممنوعہ رنگ، نمک اور چیز تلف کر دی گئی، جبکہ ناقص انتظامات پر 21 فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق علی الصبح ٹولنٹن مارکیٹ میں سپلائرز کی خصوصی چیکنگ کی گئی، جہاں سے 1150 کلو بیمار مرغیاں برآمد ہوئیں، انہوں نے بتایا کہ ماڈل ٹاؤن میں معروف واٹر پلانٹ کا پانی پینے کے معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث بند کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین اور ضوابط کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ اور مانیٹرنگ جاری رہے گی۔