چمکتا لاہور مہم، شاہراہوں کی مکینیکل واشنگ، ہاٹ سپاٹ ایریاز میں خصوصی سپرے

11-12-2026

(لاہور نیوز) سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) شہریار عارف خان کی ہدایت پر ستھرا پنجاب لاہور کے زیر اہتمام انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔

شہر بھر میں اینٹی سموگ مشینوں، واشرز گاڑیوں اور خصوصی صفائی ٹیموں کے ذریعے سڑکوں اور شاہراہوں کی دھلائی کا عمل تیز کر دیا گیا، سی ای او شہریار عارف خان کے مطابق سموگ کے تدارک کیلئے ستھرا پنجاب لاہور کی 10 اینٹی سموگ مشینیں شہر کے مختلف علاقوں میں متحرک ہیں، جو ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ہوا میں موجود گردوغبار کے خاتمے کیلئے پانی کا سپرے کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی ''چمکتا لاہور'' مہم کے تحت شہر کی 77 بڑی شاہراہوں پر خصوصی واشنگ کی جا رہی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 648 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی روزانہ کی بنیاد پر مکینیکل واشنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ شہریار عارف خان کے مطابق واشرز گاڑیاں روزانہ 100 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی دھلائی پر مامور ہیں، جبکہ اندرون شہر کی تنگ گلیوں کی صفائی اور دھلائی کیلئے 46 جدید واشر رکشے تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر دن اور رات دونوں شفٹوں میں واشنگ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، اس کے علاوہ کچا جیل روڈ، پیکو روڈ، بند روڈ، گلشن راوی روڈ، جی ٹی روڈ شاہدرہ، امامیہ کالونی برج، ٹھوکر اور کھڑک نالہ ملتان روڈ پر بھی دھلائی کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ لارنس روڈ، عبدالستار ایدھی روڈ، فضل حق روڈ، گارڈن ٹاؤن روڈ، شاہکام فلائی اوور، سبزہ زار مین بلیوارڈ اور موہلنوال روڈ پر بھی دھول مٹی کے خاتمے کیلئے سکریپنگ اور واشنگ ٹیمیں تعینات ہیں۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے مزید کہا کہ شہر بھر کی کمرشل مارکیٹس کی واشنگ بھی یقینی بنائی جا رہی ہے، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور سموگ کے اثرات کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔