بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی، فریقین سے جواب طلب

11-12-2026

(لاہور نیوز) بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے مرکزی کیس میں فریق بننے کیلئے مقامی وکیل کی جانب سے دائر متفرق درخواست مسترد کرتے ہوئے مرکزی درخواست پر سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے آٹھویں جماعت کی طالبہ علایا سلیم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل شیزہ قریشی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔ دوران سماعت عدالت نے آئندہ سماعت پر دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار کی وکیل کے حوالے سے ریمارکس دیئے کہ وہ بہت اچھے طریقے سے کیس لے کر چل رہی ہیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور تعلیمی نشوونما کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، لہٰذا 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔