جعلی ڈرائیونگ لائسنس ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
11-12-2026
(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور ویریفکیشن لیٹرز جاری کرنے والی ویب سائٹس کے خلاف سخت کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں سے رجوع کر لیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے چیئرمین پی ٹی اے اور ڈی جی این سی سی آئی اے کو مراسلے ارسال کر دیئے، مراسلے میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور ویریفکیشن لیٹرز جاری کرنے والے منظم گروہ کے خلاف فوری کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق جعل ساز سرکاری ویب سائٹس سے مشابہت رکھنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے شہریوں کو گمراہ کر رہے ہیں اور جعلی دستاویزات فراہم کرکے بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔ مراسلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ویب سائٹ www.dlimsctp.pk کے ذریعے مبینہ طور پر جعلی ڈرائیونگ لائسنس ویریفکیشن کی سہولت فراہم کرنے اور جعلی تصدیقی خطوط جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی اے سے مذکورہ مشکوک ویب سائٹ اور اس سے منسلک تمام جعلی یو آر ایل فوری بلاک کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ پنجاب کا سرکاری ڈرائیونگ لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) صرف سرکاری ویب سائٹ https://dlims.punjab.gov.pk پر دستیاب ہے، شہری لائسنس کی تصدیق کیلئے غیر سرکاری ویب سائٹس استعمال کرنے سے گریز کریں۔ مراسلے میں این سی سی آئی اے سے جعلی لائسنس اور ویریفکیشن لیٹرز جاری کرنے والے افراد، ویب سائٹ آپریٹرز اور مبینہ منظم نیٹ ورک کی مکمل تحقیقات کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے، اس کے علاوہ جعل سازوں کے بینک اکاؤنٹس، مالی لین دین اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کا سراغ لگانے، شہریوں سے وصول کی گئی رقوم اور نیٹ ورک کے اصل سہولت کاروں کی نشاندہی کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسی جعلی ویب سائٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی تخلیق و فعالیت روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو مالی فراڈ سے محفوظ رکھنا اور سرکاری ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کی ساکھ برقرار رکھنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔