لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 351 ریکارڈ

11-12-2026

(لاہور نیوز) شہر کی فضا دھویں کی چادر میں لپٹ گئی، باغوں کے شہر میں فضائی آلودگی نے شہریوں کا سانس لینا دشوار کر دیا۔

عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور سرفہرست آ گیا، جبکہ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 351 ریکارڈ کیا گیا، فضائی آلودگی کے اعتبار سے پیراگون کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 661 کی خطرناک سطح پر پہنچ گیا، علامہ اقبال ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 541 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 330 ریکارڈ کی گئی۔ فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی شرح نے شہریوں کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ ماہرین شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔